الیکشن کے بعد بی آر ایس کا کانگریس میں انضمام: ڈاکٹر لکشمن

   

ڈی کے ارونا کا رائے دہندوں سے پیشگی اظہار تشکر، کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن نے پیش قیاسی کی ہے کہ لوک سبھا چناؤ کے بعد بی آر ایس برسراقتدار کانگریس میں ضم ہوجائے گی۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں شکست کے بعد بی آر ایس کو کانگریس میں ضم کردیا جائے گا۔ انہوں نے تلنگانہ میں زائد نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا اورکہا کہ عوام نریندر مودی کے ساتھ ہیں۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا صرف نریندر مودی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کسانوں کے قرض معافی کیلئے جدوجہد کرے گی۔ اسی دوران محبوب نگر سے بی جے پی امیدوار ڈی ارونا نے کہا کہ وہ نتائج سے قبل ہی رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں کیونکہ ان کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے صبح 7 بجے سے قبل ہی پولنگ اسٹیشنوں پر قطار بنالی تھی۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ تلنگانہ میں 12 نشستوں پر بی جے پی کامیاب رہے گی اور وہ دو تا تین لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔1