اماراتی شہریوں کو قیمتوں میں کمی اور سفری سہولتوں کی بحالی کی توقع

   

دبئی،15 جون (ایجنسیز) متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ اس سے فضائی سفر، ایندھن اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔ امارات میں مقیم متعدد افراد نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران فضائی کرایوں میں اضافہ، پروازوں کی منسوخی اور خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سفری منصوبے متاثر ہوئے تھے۔ اب جنگ بندی اور مذاکرات کے آغاز کے بعد حالات معمول پر آنے کی توقع پیدا ہوگئی ہے۔ رہائشیوں کے مطابق اگر خطے میں امن برقرار رہتا ہے تو تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ، خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران جنگی خدشات کے باعث مارکیٹوں میں بے چینی پائی جاتی تھی، جس کا براہ راست اثر صارفین پر پڑا۔ کئی خاندانوں نے امید ظاہر کی کہ فضائی کمپنیوں کی جانب سے اضافی سرچارجز اور مہنگے ٹکٹوں میں کمی آئے گی، جبکہ موسمِ گرما اور تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کو بھی راحت ملے گی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں استحکام عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب رہتے ہیں تو اس کے مثبت اثرات نہ صرف خلیجی ممالک بلکہ عالمی معیشت پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔ اماراتی رہائشیوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی بنیاد ثابت ہوگا اور اس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ خطے میں بسنے والے لاکھوں افراد ایک بار پھر اطمینان اور معاشی استحکام کی فضا میں زندگی گزار سکیں گے۔