امارات سکیورٹی کونسل کا رکن بننے کا خواہاں

   

دبئی ۔ متحدہ عرب امارات نے دو برس کے لیے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے غیر مستقل رکن کی نشست کے لیے امیدوار بننے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی وام نے کہا ہے کہ یو اے ای 2022-23 کے لیے سکیورٹی کونسل کا رکن بننا چاہتا ہے۔یہ اعلان نیو یارک میں جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں وزیر برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید نے کیا۔سکیورٹی کونسل اقوام متحدہ کی واحد باڈی ہے جہاں طاقت کے استعمال اور پابندیاں لگانے کے حوالے سے فیصلے کیے جاتے ہیں۔ اس کے پانچ مستقل ارکان ہیں جن کے پاس ویٹو کا اختیار ہے ان میں امریکہ، چین، روس، فرانس اور برطانیہ شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کے لیے مہم کی توجہ شراکت داری کو بڑھانا، ایجادات میں اضافہ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنا ہوگا۔وام کے مطابق یو اے ای اس سے قبل 1986-87 میں بھی سکیورٹی کونسل کا رکن رہ چکا ہے۔ رکنیت کے لیے ووٹنگ کا آغاز جون 2021 میں ہوگا اور امیدواروں کو جیت کے لیے جنرل اسمبلی کے دوتہائی سے زیادہ ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔