امارات میں ایک ہزار درہم کے نئے نوٹ کا اجرا

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کا سینٹرل بینک پیر 10 اپریل 2023 کو ایک ہزار درہم والے نئے کرنسی نوٹ جاری کرے گا۔ امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق نئے نوٹ بینکوں اور منی ایکسچینجر کے پاس دستیاب ہوں گے۔ سینٹرل بینک نے نئے نوٹ کا ڈیزائن امارات کی کامیابی کی کہانی کو اجاگر کرنے والے اندازمیں تیار کرایا ہے۔ ایک ہزار درہم والے نوٹ کے اوپر شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی تصویر ہے جس میں وہ 1974 کے دوران ناسا کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے موقع پر خلائی شٹل کا ماڈل دیکھ رہے ہیں۔ یہ خواب 2021 کے دوران مریخ کی دریافت کے مشن کے ذریعے امارات نے پورا کیا۔ ایک ہزار درہم کے نوٹ کی دوسری جانب جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سیکیورٹی خصوصیات رکھی گئی ہیں۔