امارات میں سرکاری دفاتر اتوار سے کھل جائیں گے

   

دبئی۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں وزارتیں، سرکاری ادارے اور محکمہ اتوار سے کھل جائیں گے لیکن صرف 30 فیصد ملازمین ڈیوٹی کریں گے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق فیڈرل حکومت نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کے ملازمین کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔ حکومت نے کہا ہے کہ جن ملازمین کو پہلے دفاتر آنے سے استثنی دیا گیا تھا، انہیں اب بھی استثنی ہوگا، وہ گھر سے کام کرتے رہا کریں گے۔جن ملازمین کو اب بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے ان میں حاملہ خواتین، معذور افراد، وہ ملازمین جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے، وہ ملازمین جو مستقل بیماریوں میں مبتلا ہیں اور وہ جنہیں معمر کہا جاتا ہے۔حکومت نے کہا ہے کہ ایسے خواتین جن کے بچوں کی عمریں 9 سال سے کم ہیں اور جنہیں نگہداشت کی ضرورت ہے یا جن کے بچے بیمار یا معذور ہیں انہیں بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے۔تمام سرکاری اداروں میں ملازمین کی کل تعداد کے حساب سے صرف 30 فیصد کو ڈیوٹی پر بلایا جائے گا، باقی گھر سے کام کرتے رہیں گے۔