حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے آج منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ سے شکایت کی ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر مودی اور اڈانی کی تصویر چسپاں کی اور شکایت کی کہ ملک میں معیشت کی تباہی کیلئے یہ دونوں ذمہ دار ہیں۔ مجسمہ سے گورنر سوندرا راجن کی بھی شکایت کی گئی کہ انہوں نے کانگریس قائدین کو ملاقات کا وقت دینے کے بعد راج بھون میں موجود نہیں ہیں۔ اڈانی گروپ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تائید کے خلاف کانگریس نے آج ’ چلو راج بھون ‘ احتجاج منظم کیا تھا۔ وی ہنمنت راؤ نے پارٹی قائدین جی نرنجن اور لکشمن یادو کے ہمراہ امبیڈکر مجسمہ پر ایک گھنٹہ تک دھرنا دیا۔ مجسمہ کو تحریری یادداشت باندھی گئی جس میں گورنر سوندرا راجن کی شکایت کی گئی کہ انہوں نے آج کانگریس قائدین کو ملاقات کا وقت دیا تھا لیکن راج بھون میں دستیاب نہیں ہیں۔ مودی اور اڈانی کی تصویر مجسمہ سے چسپاں کرتے ہوئے شکایت کی گئی کہ دستور ہند کے معمار امبیڈکر نے جو دستور تیار کیا تھا مرکزی حکومت اس کے خلاف کام کررہی ہے۔ ملک میں دستوری اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ر