امراض قلب پر قابو پانے کیلئے روزآنہ پھل اور سبزیوں کا استعمال مفید

   

حیدرآباد ۔ حالیہ یورپی تحقیق کے مطابق کولیسٹرول سے بچنے اور صحت مند زندگی کے لئے ضروری ہے کہ روزمرہ کی خوراک میں پھل اور سبزیوں کا استعمال کیا جائے۔محققین نے کہا ہے کہ حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 10 میں سے صرف1 امریکی باشندہ اپنی روزمرہ کی خوراک میں پھل اور سبزیوں کا استعمال کرتا ہے۔ ڈنمارک کے ماہرین نے لو ڈینسٹی لیپوپروٹینز (ایل ڈی ایل) یعنی خراب چربی اور اس کے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا۔ خیال رہے کہ کولیسٹرول ایک چربیلا، نرم اور ملائم مادہ ہے جس کی مقررکردہ مقدار انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے لیکن اس میں اضافہ ہائی بلڈ کولیسٹرول کا سبب بن سکتا ہے۔یہ غیر ضروری اور خراب چربی، جسے (ایل ڈی ایل) یعنی لو ڈینسٹی لیپوپروٹینزکہا جاتا ہے، خون کی نالیوں یا شریانوں میں جم کر انہیں تنگ اور سخت کرسکتی ہیں، جو دل کا دورہ، فالج یا صحت کے دیگر مسائل کی وجہ بن سکتا ہے۔کولیسٹرول کی شرح کو قابو میں رکھنے کے لیے تازہ پھلوں کا استعمال بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ ان میں شامل وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس جسمانی دفاعی نظام کی طاقت بڑھانے کے ساتھ ساتھ دوران خون کولیسٹرول کو بھی صحت مند مقدار پر رکھتے ہیں۔حالیہ تحقیق کے شرکاء نے پودوں، پھلوں اور سبزیوں پر مبنی غذائی اجزاء استعمال کئے۔ تحقیق کے نتیجے میں وہ افراد جو اپنی روزمرہ کی غذا میں گوشت کا زیادہ استعمال کرتے، کے مقابلے میں تحقیق کے شرکاء￿ کی ایل ڈی ایل کی سطح میں10 فیصد جبکہ کولیسٹرول کی کْل سطح میں 7 فیصد تک کمی آئی۔ماہرین نے کہا ہے کہ وہ افراد جو تقریباً 5 برس تک صرف پھلوں اور سبزیوں پر مبنی غذائی اجزاء کا استعمال کرتے ہیں ان میں امراض قلب کی شرح 7 فیصد تک کم ہوجاتی ہے، ماہرین کے مطابق یہ شرح کولیسٹرول کنٹرول کرنے والی ادویات کے مساوی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس تحقیق کے یہ نتائج تمام براعظم، عمر، مختلف جسامت کے حامل افراد پر یکساں نتائج مرتب ہوئے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اگر لوگ کم عمری سے ہی سبزیوں کا استعمال کریں تو خون کی نالیوں یا شریانوں کے بند ہونے کی وجہ سے ہونے والے امراض قلب پر قابو پایا جاسکتا ہے۔طبی ماہرین کی جانب سے موسمی پھلوں کے استعمال پر زور دیا جاتا ہے، موسمِ گرما کے پھلوں، تربوز، خربوزے، گرما کا کدو کی فیملی سے تعلق ہے اِن پھلوں میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ اِن کے استعمال سے دل، معدے، آنتوں کی صحت پر حیران کْن فوائد حاصل ہوتے ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں وزن کم کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے یہ پھل اہم کردار ادا کرتے ہیں جن کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال ناصرف پانی کی کمی دور کرتا ہے بلکہ بلڈ پریشر، قبض کا علاج، دل کی دھڑکن متوازن، وزن میں کمی، کولیسٹرول کی سطح متوازن، قوتِ مدافعت بڑھانے اور کینسر کے خلیوں کو بننے سے روکتا ہے۔