امراض قلب کے خلاف انڈے صحت مند غذا

   

کولیسٹرل کے مسائل کے حامل افراد انڈے نہیں کھاسکتے اب یہ قصہ پارینہ

لندن ۔ چاہے آپ دل کے مریض ہوں یا کولیسٹرول کے ، سنڈے ہو یا منڈے، اب آپ روزانہ بغیر کسی فکر کے انڈے کھا سکتے ہیں۔ ہارورڈ میڈیکل اسکول کی جانب سے شائع ہونے والی حالیہ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ اگر ایک ہفتے میں آپ 3-4 انڈے کھاتے ہیں تو یہ آپ کی صحت کے لئے بہترین ہے۔ اگر آپ دل کے مریض یا پھرکولیسٹرول کے مریض ہیں تب بھی آپ انڈے کھا سکتے ہیں۔ماضی میں یہ تصور کیا جاتا تھا کہ جن افراد کو کولیسٹرول کا مرض لاحق ہو یا پھر عارضہ قلب میں مبتلا ہوں وہ انڈوں سے پرہیزکریں کیوں کہ یہ کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھانے میں اہم ثابت ہوسکتا ہے۔اب حالیہ تحقیق نے ان تمام تصورّات کو غلط ثابت کردیا ہے۔غیر ملکی جریدے میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈوں کی زیادہ مقدار کھانے سے ہماری صحت پرکوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔درحقیقت، انڈوں کا استعمال قلبی بیماری (سی وی ڈی ) کو روکنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔محققین نے اس تحقیق کے لئے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین پر مشتمل ایک گروہ پر 10 سال تک تحقیق کی، تحقیق کے دوران ان سے ایک سروے کیا، جس میں ان سے معلوم کیا گیا کہ وہ ایک ہفتے کے دوران کتنے انڈے کھاتے ہیں۔اس 10 سالہ تحقیق کے بعد یہ معلوم ہوا کہ 3 ہزار سے زائد کے گروہ میں سے تقریباً 317 افراد دل کے امراض میں مبتلا ہوئے۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق جو لوگ ہفتے میں ایک یا اس سے کم انڈے کھاتے ہیں ان میں سی وی ڈی کے معاملات کی شرح 18 فیصد تھی، وہ افراد جو ہفتے میں 1 سے 4 انڈے کھاتے تھے ان میں سی وی ڈی کے واقعات کی شرح 9 فیصد تھی جبکہ وہ لوگ جو ہفتے میں 4 سے 7 انڈے کھاتے تھے ان میں واقعات کا خطرہ 8 فیصد شرح رہی۔ ماہرین نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 1 سے 3 انڈے کھانے سے دل کی بیماری کا خطرہ 60 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ جبکہ ہفتے میں 4 سے 7 انڈے کھانے سے یہ 75 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔