امریکہ اور برطانیہ نے حدیدہ پر2 فضائی حملے کئے ہیں:یمن

   

صنعاء : یمن کے ایرانی سرپرستی کے حامل حوثیوں نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے ملک کے مغربی شہر حدیدہ پر 2 فضائی حملے کئے ہیں۔حوثیوں کے ٹیلی ویڑن چینل المسیرہ کے مطابق امریکی اور برطانوی جنگی طیاروں نے حدیدہ کے علاقے راس العیسی پر 2 فضائی حملے کئے ہیں۔بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع شہر ‘حدیدہ’ حوثیوں کے لئے اہم شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ حوثیوں نے کل بحیرہ احمر میں امریکی اور برطانوی بحری جہازوں پر میزائل حملوں کا اور میزائلوں کے ٹھیک ہدف پر لگنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے، غزّہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بطور ردعمل، 31 اکتوبر سے بحیرہ احمر میں اسرائیلی کمپنیوں کے تجارتی بحری جہازوں کو تحویل میں لینا اور بعض پر ڈرون اور میزائل حملے کرنا شروع کر دیا تھا۔اس دوران امریکی فورسز نے متعدد دفعہ، یمن کی طرف سے فائر کئے گئے میزائلوں اور ڈرونوں کو ناکارہ بنانے کا، اعلان کیا ہے۔عالمی تجارت کا تقریباً 12 فیصد ،بحیرہ روم کو بحیرہ احمر سے منسلک کر کے یورپ اور ایشیاء کے درمیان مختصر ترین تجارتی گزرگاہ بنانے والی، نہر سویز سے کیا جاتا ہے۔ لیکن حوثی حملوں کے بعد بحری رسل و رسائل کی متعدد کمپنیوں نے بحیرہ احمر میں سیر و سفر روک دیا ہے۔