امریکہ اور جنوبی کوریا کا مشترکہ فوجی مشقیں ملتوی کرنا بے معنی

   

امریکہ کو فوجی مشقوں سے باہر نکل کر اس کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا چاہئے : کم یانگ چول

پیانگ یانگ ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام)شمالی کوریا نے امریکہ سے منگل کے روز اپیل کی ہے کہ وہ اگر شمالی کوریا سے بات چیت کا خواہاں ہے تو اسے (امریکہ) جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں فوری اثر کے ساتھ بند کرنی ہوگی جبکہ کچھ روز قبل ہی امریکہ اور جنوبی کوریا نے اپنی مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے منصوبہ کو منسوخ کردیا تھا ۔ امریکہ اور جنوبی کوریا نے اعلان کیا تھا کہ وہ سالانہ مشترکہ فضائی فوجی مشقوں کو تاخیر سے انجام دینے کا ارادہ رکھتے ہیں جو منصوبہ کے مطابق جاریہ ماہ کی جانے والی تھی ۔ دونوں ممالک کا یہ کہنا بھی ہے کہ یہ مشقیں جذبۂ خیر سگالی کے تحت ملتوی کی جارہی ہیں جبکہ نیوکلیئر مذاکرات بھی عرضہ دراز سے تعطل کا شکار ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کی یہ کہہ کر ہمیشہ مخالفت کی ہے کہ اس طرح شمالی کوریا پر فوج کشی کی تیاریاں کی جارہی ہیں جبکہ گزشتہ سال بھی سنگا پور میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کے درمیان ہوئی ملاقات کی ناکامی کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا نے متعدد تربیتی سیشن منسوخ کردیئے تھے ۔ تاہم شمالی کوریا کے سینئر عہدیدار کم یانگ چول جنہوں نے قبل ازیں امریکہ سے بات چیت میں اہم رول ادا کیا تھا، نے کہا کہ ہفتہ کے آخری ایام میں مشترکہ فوجی مشقوں کو ملتوی کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ ان فوجی مشقوں سے فوری طور پر باہر نکل جائے اور ان کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند کردے ۔ کے سی این اے خبر رساں ایجنسی نے بھی مسٹر چول کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بیان شائع کیا ہے جس کے مطابق مسٹر چول نے کہا ہے کہ مشترکہ فوجی مشقوںکو ملتوی کردینے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پائیدار امن قائم ہوگیا ہے ۔ کوریائی جزیرہ نما میں امن اور سیکوریٹی کے استحکام کے لئے ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ شمالی کوریا امریکہ کے ساتھ تعلقات کو جو خوشگوار رخ دینا چاہتا ہے اور جس نوعیت کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، ان فوجی مشقوں سے کوششوں پر پانی پھر جائے گا ۔ شمالی کوریا امریکہ جیسے ’’شعبدہ باز‘‘ کے ساتھ اس وقت تک بات چیت کی میز پر آنے کا ارادہ نہیں رکھتا جب تک امریکہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو ہمیشہ کیلئے ترک نہ کردے۔