تہران، 13 جون (یو این آئی) ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے پر کل بروز اتوار دستخط نہیں ہوں گے ۔ الجزیرہ کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے حالیہ بیان میں کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر اتوار کو دستخط نہیں ہوں گے ، تاہم انہوں نے آئندہ دنوں میں اس کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔ پاکستان کی ثالثی میں طے پائی دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے اسماعیل بقائی نے بتایا کہ زیر غور اسلام آباد ایم او یو جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہے اور اس مرحلے پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جوہری معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ اسماعیل بقائی نے مزید بتایا کہ ہمیں ایم او یو پر دستخط کے صحیح وقت کا انتظار کرنا ہوگا، اگرچہ یہ کل نہیں ہوگا لیکن آنے والے دنوں میں ایسا ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم دوسرے فریق کے غیر مستحکم رویے کے باعث ہمیں اس عمل کے حوالے سے کسی بھی بیان بازی میں محتاط رہنا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس امید کا اظہار کیا تھا کہ امریکہ اور ایران کے مابین معاہدہ پر اتوار کو دستخط کرلئے جائیں گے ۔