امریکہ : اے آئی انفراسٹرکچر میں500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

   

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز امریکہ میں مصنوعی ذہانت (AI) کے بنیادی ڈھانچے میں اوپین اے آئی، سافٹ بینک اور آوریکل کی طرف سے 500 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔منگل کی سہ پہر وائٹ ہاؤس کے پروگرام میںٹرمپ نے کہا کہ تینوں کمپنیاں اسٹار گیٹ نامی نئی اے آئی انفراسٹرکچر کمپنی میں شراکت داری کرنے کیلئے تیار ہیں، جو کہ اے آئی کی اگلی نسل کو تقویت دینے کیلئے فزیکل اور ورچوئل انفراسٹرکچربنائے گی۔ کمپنیاں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ کام شروع کریں گی، اور اگلے چار سال میں اس منصوبے میں 500 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے۔
تینوں کمپنیوں کے سی ای او اس اعلان کے وقت وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کے ساتھ موجود تھے ۔جنوری کے اوائل میں، ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ پورے امریکہ میں ڈیٹا سینٹرز بنانے کیلئے ایک اماراتی ڈیولپر کی جانب سے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔