واشنگٹن : امریکہ نے مزید بڑی تعداد میں ہندوستانی غیر قانونی تارکینِ وطن کو ڈی پورٹ کر دیا۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق 120 ہندوستانی غیر قانونی تارکین وطنِ کو لے کر خصوصی پرواز آج رات ہندوستان پہنچے گی جبکہ 16 فروری کو تیسری پرواز مزید 157 ہندوستانی تارکینِ وطن کو لے کر ہندوستان پہنچے گی۔ اس سے قبل 5 فروری کو 104 غیر قانونی تارکینِ وطن امریکی طیارہ میں ہندوستان پہنچے تھے۔ میڈیا کے مطابق زیادہ تر ڈی پورٹ افراد غیر قانونی طور پر ڈنکی روٹس کے ذریعہ امریکہ میں داخل ہوئے تھے۔
دکان میں دھماکہ، 4 افراد ہلاک
اودامسائے : ایشیائی ملک لاؤس کے صوبہ اودامسائے کی ایک دکان میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس حوالے سے چینی قونصل خانے کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد میں 3 چینی شہری بھی شامل ہیں۔ چینی قونصل خانے نے کہا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے اور آگ لگنے سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔