امریکہ میں سڑک حادثہ، تلگو ریاستوں کے 3 نوجوان ہلاک

   

مہلوکین کا تعلق حیدرآباد ، ورنگل اور مشرقی گوداوری سے

حیدرآباد۔/26اکٹوبر، ( سیاست نیوز) امریکہ میں پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوان ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ کنکٹی کٹ ریاست کے شیفلڈ علاقہ کے نیو ہیون سی ٹی ایریا میں پیش آیا۔ منی ویان اور ٹرک میں تصادم کے نتیجہ میں منی ویان میں سفر کرنے والے 8 افراد بری طرح زخمی ہوگئے جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ایک شخص اس واقعہ میں معمولی زخموں کے ساتھ بچ گیا۔ مہلوکین میں ایک کا تعلق آندھرا پردیش کے مشرقی گوداوری ضلع سے ہے جبکہ دیگر دو کا تعلق تلنگانہ سے بتایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشرقی گوداوری ضلع کے کڈیم منڈل سے تعلق رکھنے والے نرسری کسان پی سرینواس کے فرزند 23 سالہ پی سائی نرسمہا امریکہ کی کنکٹی کٹ ریاست میں ایم ایس کی تعلیم حاصل کررہے تھے۔ امریکی وقت کے مطابق منگل کی علی الصبح 5 بجے دیگر 7 افراد کے ساتھ وہ کار میں روانہ ہوئے۔ یہ کار بے قابو ہوگئی اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں سائی نرسمہا کے علاوہ ورنگل سے تعلق رکھنے والی پونی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان پریم کمار ریڈی کی برسر موقع موت واقع ہوگئی۔ باقی پانچ زخمیوں کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کردیا گیا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی سائی نرسمہا کے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ سائی نرسمہا نے چینائی کے ہندوستان انجینئرنگ کالج میں بی ٹیک کی تکمیل کی اور کیمپس انٹرویو کے ذریعہ ایک کمپنی میں ملازمت حاصل کی۔ ایم ایس کی تعلیم کیلئے ملازمت ترک کردی اور جاریہ سال 5 اگسٹ کو امریکہ روانہ ہوا۔ سائی نے گذشتہ دنوں امریکہ میں دیپاولی تہوار مناتے ہوئے اپنے افراد خاندان کو ویڈیو کال کیا تھا۔ سائی نرسمہا کے والدین اس واقعہ پر مجسم غم بن چکے ہیں اور انہیں مختلف قائدین نے پرسہ دیا۔اطلاعات کے مطابق منی ویان اور پک اَپ ٹرک کی رفتار تیز تھی اور پولیس کے مطابق تمام مسافرین نیو ہیون سی ٹی ایریا سے تعلق رکھتے ہیں۔ حادثہ میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیورس معمولی زخمی ہوئے اور انہیں برک شائر میڈیکل سنٹر میں علاج کیلئے شریک کیا گیا ہے۔ر