واشنگٹن۔ 13 مئی (یو این آئی)امریکی حکام نے بتایا ہے کہ دفتر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کو ایک ارب چالیس کروڑ ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کا اختیار دے دیا ہے ۔ ہتھیاروں کی فروخت کا یہ اختیار امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے رواں ہفتہ ہونے والے متحدہ عرب امارات کے دورے کے تناظر میں کیا گیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کو دیے جانے والے ہتھیاروں میں چھ کی تعداد میں ‘سی ایچ 47 ایف’ چینوک ہیلی کاپٹر اور 1.32 ارب ڈالر مالیت کے دیگر ہتھیار و آلات شامل ہیں۔ اس امر کا اظہار امریکی دفتر خارجہ کے سیاسی و عسکری امور کے بیورو کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ان اثاثہ جات کو تلاش ، ریسکیو، ڈیزاسٹر ریلیف اور انسداد دہشت گردی کے لیے استعمال کرے گا۔ مشرق وسطیٰ میں سیاسی استحکام و اقتصادی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات ایک اہم امریکی شراکت دار ہے ۔ خیال رہے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اسی ہفتہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والے ہیں۔