واشنگٹن : امریکی حکومت نے مصر کو 5 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے فوجی ساز و سامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کانگریس کو بتایا ہے کہ مصر کے لیے 555 امریکی ساختہ M1A1 ابرامز ٹینکوں کے لیے 4.69 ارب ڈالرز، 2,183 ہیلفائر میزائلوں کے لیے 63 کروڑ ڈالرز اور دیگر سامان کی فروخت کے لیے 30 ملین ڈالرز کی منظوری دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس اقدام سے امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کو سپورٹ ملنے کے ساتھ ایک اہم غیر ناٹو اتحادی ملک کی سلامتی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، جو مشرقِ وسطیٰ میں ایک اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ دوسری طرف امریکی صدر جو بائیڈن نے تائیوان کے لیے 571 ملین ڈالرز کی فوجی امداد کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن نے تائیوان کو دفاعی سامان، خدمات اور فوجی تعلیم و تربیت کے لیے امداد کی منظوری دی ہے۔ امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق امریکی حکومت نے مصر کو 5 ارب ڈالرز کے فوجی سامان کی فروخت کی منظوری بھی دی ہے۔