واشنگٹن : امریکی سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن نے یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف سے یوکرین کے لیے امریکہ کی مسلسل حمایت و تعاون کے حوالے سے بات کی۔امریکی محکمہ دفاع کے تحریری بیان کے مطابق آسٹن نے اپنے یوکرائنی ہم منصب عمروف سے فون پر رابطہ کیا۔آسٹن نے یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے بارے میں معلومات کا تبادلہ خیال کیا اور بائیڈن انتظامیہ کی یوکرین کے لیے “دفاعی امداد میں اضافے کی ضمانت ” کا اعادہ کیا۔دونوں سربراہان نے شمالی کوریا کے فوجیوں کے روس کی صف میں یوکرین کے خلاف جنگ میں شامل ہونے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطے کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
جنگ کے بعد فلسطینی غزہ پر حکومت کرے : برطانیہ
لندن : بائیڈن انتظامیہ اپنی ذمہ داروں کے خاتمہ سے قبل غزہ کی جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور نومنتخب صدر کو اقتدار کی منتقلی اس حال میں کرنا چاہ رہی ہے کہ غزہ میں جنگ جاری نہ ہو ۔ دوسری طرف برطانیہ بھی امریکہ میں اقتدار کی منتقلی سے قبل غزہ کی جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے ۔ برطانوی وزیر مملکت برائے مشرق وسطیٰ ہمیش فاکز نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک غزہ جنگ کا خاتمہ دیکھنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے گفتگو میں مزید کہاکہ فلسطینی اتھاریٹی کو جنگ کے بعد غزہ پر حکومت کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ’انروا‘ کا کوئی متبادل نہیں ہے اور دو ریاستی حل دونوں فریقوں کیلئے اہم ہے ۔ ان کا یہ بیان امریکی وزیر خارجہ بلنکن کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے کہ اسرائیل نے محصور پٹی میں اپنے اہداف حاصل کرلئے ہیں اور جنگ ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ۔