تہران، 30 مئی (یو این آئی) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ابھی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچے ، ہم ایرانی عوام کے مفادات اور حقوق کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں۔ وزارتِ خارجہ ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کے ساتھ حالیہ سفارتی رابطوں پر کہا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے ، تاہم دونوں ممالک کسی حتمی معاہدے پر نہیں پہنچے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کسی دباؤ میں آئے بغیر صرف اپنے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کو سامنے رکھ کر ہی کوئی فیصلہ کرے گا۔ امریکی اور مغربی حکام کے حالیہ بیانات اور شرائط پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ مغرب کو ایران کے حوالے سے اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے 47 سال پہلے ہی حکم کی زبان کو الوداع کہہ دیا تھا۔ اب مغربی فریقین میں کوئی بھی ایران پر بات کرتے وقت ہم پر اپنی مرضی مسلط کرنے یا حکم چلانے کی زبان استعمال نہیں کر سکتا۔ امریکی بحری اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکام جسے سمندری محاصرہ کہتے ہیں، وہ شروع سے ہی ایک مکمل غیر قانونی اقدام تھا۔
ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان
واشنگٹن، 30 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ ختم کر دی گئی اور آبنائے ہرمز کو فوری کھولنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایران کو اس بات پر متفق ہونا ہو گا کہ ان کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار یا بم نہیں ہو گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بحری ٹریفک کیلئے بغیر کسی ٹول یا روک ٹوک فوری طور پر کھولا جائے اور پانی میں اگر کوئی مائنز ہیں تو انہیں ختم کیا جائے گا ۔