واشنگٹن، 29 مئی (یو این آئی) امریکہ اور ایران میں جنگ بندی میں توسیع کی اطلاعات پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں مزید 60 دن کی توسیع کی اطلاعات کا مثبت اثر خام تیل کی قیمتوں پر پڑا ہے اور بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اور نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ 10 فیصد سے زائد کی کمی کے بعد گزشتہ دو ماہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر بڑی گراوٹ آئی ہے ۔ لندن برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد کمی کے ساتھ فی بیرل 91.77 ڈالر ہو گئی ہے جب کہ ویسٹ ٹیکساس میں خام تیل 1.29 فیصد سستا ہوا، جس سے اس کی قیمت فی بیرل 87.78 ڈالر ہو گئی ہے ۔ برینٹ کروڈ آئل فیوچرز 92.69 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے ۔ گزشتہ تین دنوں میں لندن برینٹ خام تیل کی قیمت میں 8.33 ڈالر جبکہ ویسٹ ٹیکساس خام تیل کی قیمت میں 6.63 ڈالر تک کمی ہو چکی ہے ۔