امریکہ 7 شرائط پر عمل درآمد کیے بغیر ایران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا: قالیباف

   

تہران : 21 اکٹوبر ( یو این آئی ) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ نیویارک میں پیش کی گئی ایران کی 7 شرائط پر عمل درآمد کیے بغیر تہران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔تہران میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران قالیباف نے جنگ اور مذاکرات کے حالات میں ایران کا ساتھ دینے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ میں نے امریکی نائب صدر کو واضح طور پر بتایا تھا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے اور بعد میں ایران کے خلاف امریکہ کے منفی اقدامات کی طویل تاریخ نے ہمارے دل میں امریکا کے حوالے سے بداعتمادی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی اور بار بار دی جانے والی دھمکیوں نے اس بداعتمادی کو پہلے سے بھی زیادہ بڑھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کہنے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ امریکہ ایران کی جانب سے نیویارک میں پیش کی گئی7 شرائط پر عمل درآمد کے سوا کسی اور طریقے سے ایران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔
۔باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں ہیں، لیکن اپنے وطن اور قومی وقار کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ دھمکیوں اور فوجی نقل و حرکت سے ایران کے فیصلوں پر اثر نہیں پڑ سکتا۔