ٹیکساس۔ 30 مئی (ایجنسیز) وائٹ ہاؤس کی جانب سے متعارف کرائی گئی متنازعہ ویب سائٹ Aliens.gov نے امریکی امیگریشن پالیسی اور سرکاری اعداد و شمار پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے ملک بھر کے 12 ہزار سے زائد شہروں اور قصبوں میں تقریباً 5 لاکھ افراد کو گرفتار کیا، تاہم اسی ڈیٹا میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ گرفتار شدگان میں 700 سے زائد امریکی شہری شامل تھے۔ ابتدائی طور پر اس ویب سائٹ کے نام اور ویڈیو They Walk Among Usکے باعث سوشل میڈیا پر یہ تاثر بھی بنا کہ یہ کسی غیر معمولی یا UFO طرز کے اعلان سے متعلق ہے، تاہم بعد میں واضح ہوا کہ اسے امیگریشن نفاذ کی کارروائیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے اعداد و شمار پر مزید سوالات اس وقت اٹھے جب مختلف رپورٹس میں سامنے آیا کہ بعض مقامات پر گرفتار تمام افراد امریکی شہری تھے، جبکہ کئی کیسز میں کوئی واضح فوجداری الزام درج نہیں تھا۔