امریکی ایئرلائنز نے تل ابیب کیلئے پروازیں معطل کردیں

   

واشنگٹن: غزہ کی پٹی میں اسرائیل فورسزکی وحشیانہ جنگی کارروائیوں کی وجہ سے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے باعث امریکی ایئر لائنز نے اپریل 2025 تک اسرائیل جانے والی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایئر لائن نے طویل مدتی تعطیل کی کوئی خاص وجہ بتائے بغیر تل ابیب کے بین گوریون ہوائی اڈے پر پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی ہے۔ امریکن ایئر لائنز کی اسرائیل کیلئے پروازیں معطل کرنے میں یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز سمیت کئی دیگر بڑے کیریئرز شامل ہیں۔ 7 اگست تک، 20 غیر ملکی ایئر لائنز نے اسرائیل کے لیے اور وہاں سے اپنی پروازیں بند کر دی تھیں۔ 31 جولائی کو تہران میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی حملوں کے خدشات کے پیش نظر ملک میں فوج چوکس ہے۔