امریکی ریاست ایری زونا میں سڑک حادثہ، تلنگانہ کے 2طلبہ ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 22اپریل ( سیاست نیوز) امریکہ میں زیر تعلیم تلنگانہ کے دو طلبہ امریکی ریاست ایری زونا میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات نیوش مُکا اور گوتم کمار پارسی کی کار پیوریا کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں دونوں کی موت واقع ہوگئی ۔ دونوں کی عمریں 19سال بتائی گئی ہے ۔ نیوش کا تعلق ضلع کریم نگر کے حضورآباد ٹاؤن سے ہے جب کہ گوتم کمار ضلع جنگاؤں کے اسٹیشن گھن پور کا رہنے والا تھا ۔ دونوں ایری زونا اسٹیٹ یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس انجنیئرنگ کے طالب علم تھے ۔ یہ دونوں اپنے دوستوں کے ساتھ یونیورسٹی سے گھر واپس آرہے تھے کہ اُن کی کار مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی ۔ دونوں کی برسر موقع موت واقع ہوگئی جب کہ دونوں ڈرائیورس زخمی ہوگئے ۔ نیوش کے ماں باپ ڈاکٹرس ہیں ۔ دونوں کے خاندانوں نے اُن کی نعشوں کو حیدرآباد واپس لانے میں مدد کرنے کی حکومت ہند سے اپیل کی ہے ۔