امریکی صدر بائیڈن پھر لڑکھڑائے ،گھٹنوں کے بل گر گئے

,

   

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن پھر لڑکھڑا گئے اور معمر ترین صدر اس مرتبہ گھٹنوں کے بل گر گئے۔ جمعرات کو 80 سالہ صدر کولوراڈو میں ایئر فورس اکیڈمی کے گریجویٹس کو سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے دوران پوڈیم سے ٹھوکر کھا کر گھٹنوں کے بل گر گئے۔بائیڈن نے ملٹری اکیڈمی میں گریجویشن کی تقریب کے دوران تقریر کی۔ انہوں نے ایک گریجویٹ سے مصافحہ کیا اور اپنی سیٹ پر واپس آنے ہی والے تھے کہ وہ فرش پر گر پڑے۔ ایئر فورس کے اہلکار بائیڈن کو دوبارہ کھڑا ہونے میں مدد کے لیے دوڑ پڑے۔ دوبارہ کھڑا ہونے کے لیے بائیڈن کو مزید کسی مدد کی ضرورت نہیں پیش آئی۔امریکی صدر کھڑے ہوئے تو انہوں نے ایک ایسی چیز کی طرف اشارہ کیا جس سے لگتا تھا کہ وہ اس چیز سے اٹک کر پھسلے ہیں۔ یہ شے ایک چھوٹے سے سیاہ ریت کے تھیلے کی طرح دکھائی دے رہی تھی۔واقعہ کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر بین لا بولٹ نے ٹویٹ کیا کہ بائیڈن بالکل ٹھیک ہے۔ جب وہ فارغ التحصیل افراد کے ساتھ مصافحہ کر رہے تھے تو پوڈیم پر ایک سینڈ بیگ موجود تھا۔ بعد ازاں بائیڈن نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دینے کے لیے رکے بغیر طیارے میں واپس واشنگٹن چلے گئے۔یہ واقعہ امریکہ کے معمر ترین صدر کی عمر کے بارے میں مزید تشویش پیدا کر رہا ہے کیونکہ بائیڈن دوسری صدارتی میعاد کیلئے الیکشن لڑنے کے بھی خواہش مند ہیں۔