امن افواج میں پاکستانی خواتین کی خدمات قابل ستائش

,

   

امریکہ کے اعلیٰ سفارتکار برائے جنوبی ایشیائی امور ایلس ویلز کا تاثر
نیویارک ، 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے اعلیٰ سفارتکار برائے جنوبی ایشیائی امور ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ وہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن افواج میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی خواتین سے متاثر ہیں۔ ایک ٹویٹ میں ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ ‘کونگو میں اقوام متحدہ کی امن افواج میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی خواتین سے متاثر ہوں’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘پہلے تمام خواتین پر مشتمل گروہ کے 15 امن فوجیوں کو گزشتہ ہفتے تنازع سے متاثرہ علاقے میں مختلف خدمات پر ان کی بہترین کارکردگی پر میڈلز دیے گئے’۔ ڈیموکریٹک ریپلک کانگو میں تعینات اقوام متحدہ کے ادارے کے پہلی پاکستانی فیمیل انگیجمنٹ ٹیم (ایف ای ٹی) کے اراکین کو حال ہی میں وسطی افریقہ کے ایک صوبے میں اقوام متحدہ کی میڈل دینے کی تقریب میں ایوارڈ دیا گیا تھا۔ یہ ٹیم اقوام متحدہ کی دنیا بھر میں موجود امن افواج میں پہلی تمام خواتین پر مشتمل ٹیم تھی۔ ٹیم میں موجود افسران میں ماہر نفسیات، ڈاکٹرز، نرسز، آپریشنز آفیسرز، انفارمیشن آفیسرز، لاجسٹکس آفیسرز و دیگر شامل تھے۔ اقوام متحدہ کی امن افواج مقامی برادری سے بات چیت پر انحصار کرتی ہے جو خواتین کے فوج میں شامل ہونے پر معلومات فراہم کرنے پر زیادہ اطمینان محسوس کرتی ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی خواتین افسران نے اپنی تعیناتی کے دوران مقامی برادری کا اعتماد جیتنے کے لیے سخت محنت کی’۔