امن و ضبط کی برقراری میں پولیس ٹرانسپورٹ کا اہم رول : مہندر ریڈی

   


حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) امن و ضبط کی برقراری میں پولیس ٹرانسپورٹ کا اہم رول رہتا ہے۔ گاڑیوں کی بہتر انداز میں دیکھ بھالی اور فٹنس کو برقرار رکھنا بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں ’’ٹو۔ ایس واہن‘‘ وہپ ایپ کا افتتاح عمل میں لایا۔ اس پولیس ٹرانسپورٹ شعبہ کی نگرانی میں ایپ کام کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں سرکاری گاڑیوں کی دیکھ بحال اور اس کے میٹننس میں محکمہ پولیس سب سے آگے ہے اور اس ایپ کے ذریعہ سارے ملک کیلئے ریاستی پولیس مشعل راہ بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو جس قدر بہتر انداز میں رکھا جائے گا ان کے ذریعہ خدمات کو بھی اس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں ریاست کے تمام پولیس گاڑیوں کی دیکھ بھال اور ان کی حالت کے متعلق اطلاعات اور معلومات کیلئے اس خصوصی ٹی ایس واہن ایپ کو تیار کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی تلنگانہ نے کہا کہ ریاست کی تشکیل کے بعد پولیس محکمہ کیلئے نئی گاڑیوں کی فائل پر پہلی دستخظ کی گئی اور چیف منسٹر نے 350 کروڑ روپئے جاری کئے جس کے سبب حیدرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں عہدیداروں کے علاوہ نئی پٹرول گاڑیوں کو فراہم کیا گیا جس کے بعد 12 ہزار مزید گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ ریاست کی تشکیل سے قبل محکمہ پولیس میں صرف 5600 گاڑیاں موجود تھیں اب جبکہ 20,019 گاڑیاں پائی جاتی ہیں۔ع