کاماریڈی میں پولیس ہیڈکوارٹرس میں ہتھیاروں و گاڑیوں کی خصوصی پوجا ، ایس پی کا خطاب
کاماریڈی۔20 اکتوبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وجئے دشمی تہوار کے موقع پر منگل کے روز کاماریڈی ضلع پولیس ہیڈکوارٹرز میں ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا کی نگرانی میں روایتی انداز میں اسلحہ پوجا کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پولیس عہدیداروں اور ملازمین نے عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس اسلحہ خانہ میں موجود ہتھیاروں اور پولیس گاڑیوں کی خصوصی پوجا کی گئی اور محکمہ پولیس میں ان کی اہمیت کو اُجاگر کیا گیا۔ ضلع ایس پی راجیش چندرا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وجئے دشمی برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار عوام کی زندگیوں میں خوشحالی، امن و سکون اور مسرتوں کا پیغام لے کر آئے۔ انہوں نے ضلع کے عوام، پولیس عہدیداروں، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو وجئے دشمی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی برقراری اور عوام کے تحفظ کیلئے پولیس محکمہ مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے۔ پولیس کی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ہتھیاروں اور گاڑیوں کا اہم کردار ہے، اس لیے ان کی حفاظت اور مناسب دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تہوار کو خوشی و مسرت اور پُرامن ماحول میں منائیں۔ اس تقریب میں ایڈیشنل ایس پی (ایڈمن) کے۔ نرسمہا ریڈی، کاماریڈی ڈی ایس پی ایس مدھوسودن، یلاریڈی ڈی ایس پی ایس سرینواس راؤ، بانسواڑہ ڈی ایس پی پی وٹھل ریڈی، دیگر پولیس عہدیداروں، ریزرو انسپکٹرس، ریزرو سب انسپکٹرس، موٹر ٹرانسپورٹ شعبہ کے ملازمین اور دیگر پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔