پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے اور تقسیم ریاست کے وعدوں کو پورا کرنے کا اعلان کریں
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے 14 مئی کو مہیشورم کے دورے کے موقع پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ ٹورسٹ کی طرح نہ آئیں بلکہ جلسہ عام کے ذریعہ پالمور لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے کا اعلان کریں اور ساتھ ہی تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے ہیں اس پر عمل آوری کرنے کا تلنگانہ کے عوام سے وعدہ کریں ۔ آج ٹی آر ایس ایل پی آفس اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ریاست کے حقوق کے لیے وہ تلنگانہ عوام کی طرف سے امیت شاہ سے دریافت کررہی ہیں کہ تقسیم ریاست کے وعدوں کو کب پورا کیا جائے گا ۔ کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ کیوں نہیں دیا گیا ۔ قبائلی یونیورسٹی ، ریلوے کوچ فیکٹری کو فراموش کردینے کی وجہ دریافت کی یا پھر کوئی اور وعدہ کرنے والے ہیں اس کی وضاحت کریں ۔ ایشیا کے سب سے بڑے لفٹ اریگیشن پراجکٹ کالیشورم کو مرکز نے ایک نیا پیسہ بھی نہیں دیا اور نہ ہی قومی پراجکٹ کا درجہ دیا ہے ۔ کرناٹک کے اپربھدرا پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا گیا مگر پالمور پراجکٹ کو نظر انداز کردیا گیا ۔ تلنگانہ عوام سے امتیازی سلوک کرنے کی وجہ دریافت کی ۔ سشما سوراج نے پالمور پراجکٹ کو قومی پراجکٹ قرار دینے کا وعدہ کیا تھا اس کو پورا کرنے کا امیت شاہ سے مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر پالمور ، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو تکمیل کرنا چاہتے ہیں مگر بی جے پی کے قائدین رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔ دریائے کرشنا سے تلنگانہ کو حاصل ہونے والے پانی کے معاملے میں کے سی آر مرکزی حکومت سے کئی مرتبہ نمائندگی کرچکے ہیں ۔ اس پر بھی امیت شاہ ردعمل کا اظہار کریں ۔ مرکزی حکومت تلنگانہ کو تعلیمی ادارے مختص کرنے کے معاملے میں امتیازی سلوک کررہی ہے ۔ ٹریپل آئی ٹی اور میڈیکل کالجس نہیں دئیے گئے ۔ پٹرول ، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردینے کی مذمت کی ۔۔ ن