امیت شاہ کے ریمارکس پر بنگلہ دیش کا سخت اعتراض

,

   

جے شنکر سے ملاقات میں مشیر خارجہ اُمور بنگلہ دیش توحید حسین نے احتجاج درج کرایا

نیویارک؍نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نیویارک میں بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین سے ملاقات کی۔قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے پہلی بار ملاقات کی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دوران بنگلہ دیش نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مبینہ تبصروں کے خلاف سخت احتجاج درج کرایا ہے ۔ وزیر خارجہ نے ٹویٹر پر کہا کہ دونوں کے درمیان بات چیت دو طرفہ تعلقات پر مرکوز رہی۔ انہوں نے کہاکہ آج شام نیویارک میں بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین کے ساتھ ایک ملاقات ہوئی۔ بات چیت ہمارے دوطرفہ تعلقات پر مرکوز تھی۔دریں اثنا، بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے پیر کو امیت شاہ کے جھارکھنڈ کے دورے کے دوران بنگلہ دیشی شہریوں کے بارے میں مبینہ طور پر کئے گئے تبصروں پر سخت اعتراض کیا۔ اس سلسلے میں ایک احتجاجی مراسلہ پیر کو ڈھاکہ میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا گیا۔ بنگلہ دیش نے مسٹر شاہ کے ریمارکس کو انتہائی قابل مذمت قرار دیا۔ڈیلی سن کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے احتجاجی مراسلے کے ذریعے اپنے شدید اعتراض، گہرے دکھ اور شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ سیاستدانوں کو ایسے قابل اعتراض اور ناقابل قبول ریمارکس کرنے سے روکے ۔وزارت خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمسایہ ملک کے شہریوں کے خلاف ذمہ دار عہدوں پر فائز لوگوں کے اس طرح کے تبصرے دونوں دوست ممالک کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے جذبات کو کمزور کرتے ہیں۔