امید ہے ، میرا آخری T20 میچ چینائی میں ہوگا:دھونی

   

یہ ایک سال یا پانچ سال میں بھی ممکن۔ آئی پی ایل سے قبل شہر چینائی سے ٹسٹ ڈیبیو کی یادیں وابستہ ۔ سوپر کنگز کی تقریب سے خطاب

چینائی: آئی پی ایل کی چمپئن ٹیم چینائی سوپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اشارہ دیا ہے کہ وہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں چینائی سوپر کنگز (سی ایس کے ) کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور انہیں امید ہے کہ ان کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ چیپاک کے گراؤنڈ میں ہوگا۔ اس سے قبل کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف آئی پی ایل 2021کے فائنل میں سوپر کنگز کی جیت کے بعد دھونی نے کہا تھا کہ آنے والے سیزن سے متعلق کوئی بھی فیصلہ ٹیم کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ بڑی نیلامیوں اور ہر ٹیم کو صرف چار کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت کے ساتھ بطور کھلاڑی ان کے مستقبل پر غیریقینی کا سایہ بنا ہوا ہے ۔ تاہم، سوپر کنگز فرنچائز کے مالک این سرینواسن نے اشارہ دیا تھا کہ دھونی چینائی ٹیم کے ساتھ کسی نہ کسی کردار میں چینائی ٹیم کے ساتھ وابستہ رہیں گے ۔ فرنچائز کی ایک تقریب میں دھونی نے کہا: ’’میں نے ہمیشہ اپنی کرکٹ کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ آخری ونڈے جو میں نے ہندوستان میں کھیلا، وہ رانچی میں تھا۔ امید ہے کہ میرا آخری ٹی ٹوئنٹی چینائی میں ہی ہوگا، چاہے وہ اگلے سال ہی کیوں نہ ہو، یا پانچ سال بعد، مجھے نہیں معلوم۔‘‘ دھونی نے 2008 کے پہلے سیزن سے ہی سوپر کنگز کی قیادت کی ہے اور انہیں چار آئی پی ایل خطاب دلائے ہیں۔ 2020 کے سوا ہر سال سی ایس کے نے پلے آف میں جگہ بنائی ہے ۔ ان 14 سال میں دھونی نہ صرف اس ٹیم بلکہ اس شہر سے بھی وابستہ ہو گئے ہیں۔ دھونی نے مزید کہا کہ آئی پی ایل کی بات کریں تو اس شہر کے ساتھ میرا تعلق 2008 میں شروع ہوا تھا لیکن دیکھا جائے تو میں اس سے پہلے سے ہی یہاں سے جڑا ہوا ہوں۔ان میں سب سے یادگار لمحہ میرا ٹسٹ ڈیبیو چینائی میں ہی ہوا تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ مجھے سی ایس کے کے ذریعہ ٹیم میں منتخب کیا جائے گا۔ جب میں اس ٹیم میں آیا تو مجھے یہاں کی ثقافت سے روشناس ہونے کا موقع ملا ملا اور جس چیز نے اس رشتے کو اور بھی الگ کر دیا۔ وہ یہ ہے کہ میں عملاً ایک مسافر رہا ہوں، میرے والدین اترپردیش سے ہیں ۔ میں رانچی میں پیدا ہوا جو اُس وقت بہار کا حصہ تھا لیکن بعد میں جھارکھنڈ کا دارالحکومت بن گیا۔ 18 سال کی عمر میں مجھے ریلوے میں پہلی نوکری کھڑگ پور، مغربی بنگال میں ملی اور پھر میں چینائی چلا آیا۔میرا ماننا ہے کہ چینائی اور تملناڈو نے مجھے بہت کچھ سکھایاہے ۔ ہر ایک میچ جو ہم نے چیپاک میں کھیلا، اس میں شائقین نے اچھے کھیل کی تعریف کی ہے ۔ دھونی نے 2020 کی بھی بات کی جب وہ پلے آف کیلئے کوالیفائی نہیں ہوئے تھے۔ پچھلے دو سیزن میں دھونی سے کئی بار سوپر کنگز میں ان کے مستقبل کے بارے میں پوچھا گیا ہے ۔ اور اس بار سرینواسن کے پاس جواب بھی تھا، جس میں انہوں نے بتایا کہ فرنچائیزی اور ان کے ماتحت کھیلنے والے کھلاڑیوں کیلئے دھونی کیا معنی رکھتے ہیں۔ سرینواسن نے اس وقت کے بارے میں بھی بات کی جب 2018 میں دو سال کی پابندی کے بعد سی ایس کے کی واپسی کے دوران انہوں نے پہلی مرتبہ ’’کیپٹن کول‘‘ کو جذباتی ہوتے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس مشکل دور میں کوئی اور کپتان ٹیم کو سنبھال سکتا تھا۔ چاہے ہم جیتیں یا ہاریں، انہوں نے کبھی بھی میدان میں اپنے تاثرات نہیں دکھائے جو ایک چمپئن کھلاڑی کی پہچان ہوتی ہے ۔