امیر دبئی کے تینوں بیٹے ایک ہی دن رشتہ ازدواج میں منسلک

,

   

دبئی۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں بیٹے ایک ہی دن رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بیٹوں کے نکاح کے سلسلے میں ایک سادہ تقریب منعقد کی گئی۔شیخ محمد بن راشد المکتوم کے 36 سالہ بیٹے اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد کا نکاح شیخہ شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم سے ہوا۔ان کے بھائی دبئی کے نائب حکمران 35 سالہ شیخ مکتوم بن محمد کی شادی شیخہ مریم بنت بتی المکتوم سے ہوئی۔تیسرے بیٹے محمد بن راشد المکتوم اور نالج فاؤنڈیشن کے چیئرمین 32 سالہ شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم کا نکاح شیخہ مدیہ بنت دلموج المکتوم سے ہوا۔شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی اپنے بیٹوں کی شادی کے موقع پر ان کے لیے ایک نظم تحریر کی، جسے انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔اس نظم میں انہوں نے اپنے تینوں بیٹوں کو اپنی اہلیہ کی عزت کرنے اور لوگوں سے ہمدردی کرنے کی ہدایت کی۔امیر دبئی نے نظم میں اپنے صاحبزادوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلیں۔انہوں نے اپنے بیٹوں کو اپنی ازواج کا احترام ،دوسروں سے اچھا سلوک کرنے کی ہدایت بھی کی۔