اناج معاہدہ کی بحالی کیلئے طیب اردغان اور پیوٹن کی ملاقات

   

ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آج سوچی میں ترک صدر رجب طیب اردغان سے ملاقات کریں گے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ترک اور روسی صدور کی ملاقات میں یوکرین سے اناج برآمدگی کامعاملہ زیر بحث آئے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے جمعہ کے روز ماسکو میں ترک وزیر خارجہ ہاکان فیضان نے روسی وزیر دفاع سِرگئی شوئیگو سے ملاقات کی تاکہ دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات سے قبل اناج پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اس موقع پر روسی وزیر دفاع سِرگئی شوئیگو نے کہا کہ یہ روس کی غلطی نہیں ہے کہ اناج کا معاہدہ ناکام ہوا۔ انہوں نے روسی مؤقف کو دہرایا کہ اگر روس سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے گئے تو معاہدہ کی بحالی پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ روس جولائی میں یوکرین سے اناج برآمدگی کے معاہدہ سے دستبرداری کا اعلان کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں یوکرین سے اناج کی ترسیل کا معاہدہ جولائی 2022ء میں طے پایا تھا۔ اس معاہدہ کے بارے میں اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ اس’بحیرۂ اسود اناج معاہدہ‘ کا مقصد خوراک کے عالمی بحران کا مقابلہ کرنا تھا جوکہ فروری 2022ء میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد مزید سنگین صورتحال اختیار کرگیا تھا۔