انتخابات کے بعد ای وی ایم جانچ کی اجازت

   

نسیم خان کی درخواست پر ہائی کورٹ کا تاریخی فیصلہ
ممبئی ، 9 اپریل (یو این آئی) بامبے ہائی کورٹ نے ایک اہم اور تاریخی فیصلے میں پہلی بار انتخابات کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کی جانچ اور معائنہ کی اجازت دے دی ہے جسے انتخابی شفافیت کے حوالے سے ایک بڑی عدالتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔یہ حکم جسٹس سومیشیکھر سندریسن نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیرعارف نسیم خان کی درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیا۔ نسیم خان نے 2024 مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کیا تھا جس میں وہ ممبئی کے چندیوالی حلقے سے شیوسینا (ایکناتھ شندے گروپ) کے امیدوار دلیپ لانڈے سے شکست کھا گئے تھے ۔عدالت نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے پیش کردہ یقین دہانی کو ریکارڈ پر لیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ای وی ایم کی جانچ کیلئے باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد یہ عمل دو ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر ای سی آئی کے وکلاء بھی موجود تھے۔