ٹینک بنڈ پر تنظیم انصاف کا احتجاجی دھرنا، عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کے خلاف تنظیم انصاف تلنگانہ نے آج احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ شہریت ترمیمی قانون سے فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے تنظیم انصاف اور دیگررضاکارانہ تنظیموں نے ٹینک بنڈ پر مجسمہ امبیڈکر کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ صدر آل انڈیا تنظیم انصاف اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال قبل شہریت ترمیمی قانون منظور کیا گیا لیکن لوک سبھا چناؤ میں سیاسی فائدہ کیلئے الیکشن سے عین قبل نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک کی سیکولر اور جمہوری طاقتیں متنازعہ قانون کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ امریکہ اور دیگر یوروپی ممالک میںبھی عوام احتجاج کر رہے ہیں۔ مرکزی حکومت عوامی احتجاج کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ ملک کے موجودہ حالات سے عاجز آکر روزانہ 350 ہندوستانی اپنی شہریت کو ختم کر رہے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے میانمار سے آنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو کی جماعتیں سی اے اے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری رکھیں گی۔ محمد افضل ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک کی سیکولر اور جمہوری روایات کا تحفظ ضروری ہے۔ محمد فیاض جنرل سکریٹری تلنگانہ تنظیم انصاف نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سی اے اے کے خلاف 230 درخواستیں داخل کی گئی ہے۔ صدر تنظیم انصاف تلنگانہ منیر پٹیل نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر شہریت ترمیمی قانون سے دستبرداری اختیار نہیں کی گئی تو شاہین باغ طرز کا احتجاج منظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کی اکثریت متنازعہ قانون کے خلاف ہے۔ شیخ شمس الدین نائب صدر ، نجیب خاں سکریٹری اور جنرل سکریٹری پردیش کانگریس عظمیٰ شاکر نے مخاطب کیا۔ 1