انتخابی مفاہمت کی کے سی آر کی پیشکش کو کانگریس ہائی کمان نے مسترد کردیا

   

رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا انکشاف ، ریونت ریڈی کے جائزہ اجلاس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ
حیدرآباد۔28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے انکشاف کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کانگریس سے انتخابی مفاہمت کی کوشش کی تھی لیکن کانگریس ہائی کمان نے انکار کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کمزور موقف کے باعث کے سی آر نے کانگریس کا سہارا لینے کی کوشش کی لیکن ہائی کمان نے مفاہمت سے انکار کردیا ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے پلینری سیشن کا اہتمام کیا لیکن عوام کی بھلائی کیلئے اقدامات کے اظہار میں ناکامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کسانوں کو دھوکہ دیا گیا جس کے نتیجہ میں کسان خودکشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ 70 فیصد سے زائد دیہاتوں میں دھان کی خریدی کے مراکز قائم نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن حاصل کرنے کیلئے کالیشورم پراجکٹ مکمل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ان سے شخصی مخاصمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نلگنڈہ ضلع کے پراجکٹس کی تکمیل کو روک رہے ہیں۔ کے سی آر سارے ملک کے بارے میں اظہار خیال کر رہے ہیں لیکن وہ عوام کو بتائیں کہ ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے اسکیمات کا کیا ہوا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ راہول گاندھی کے مجوزہ دورہ کے سلسلہ میں ریونت ریڈی کل نلگنڈہ کا دورہ کر رہے ہیں لیکن وہ جائزہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نلگنڈہ اور بھونگیر پارلیمانی حلقوں کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مرکزی وزیر نتن گڈکری جمعہ کو دورہ کر رہے ہیں ، لہذا وہ ریونت ریڈی کے جائزہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے ۔ر

ریونت ریڈی کے دورہ کے موقع پر کومٹ ریڈی کی عدم موجودگی سے متعلق بیان کو پارٹی حلقوں میں دوبارہ ناراض سرگرمیوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ 6 اور 7 مئی کو راہول گاندھی تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور 6 مئی کو ورنگل میں کسانوں کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جلسہ میں مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں کسانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے ریونت ریڈی اضلاع کے دورہ پر ہیں۔ر