نتائج کے لیے 20 دن کا طویل انتظار، کئی قائدین دورہ امریکہ کی تیاری میں
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) لوک سبھا چناؤ کے نتائج کیلئے امیدواروں اور پارٹیوں کو 20 دن کا طویل انتظار ہے ایسے میں انتخابی مہم کی تھکن اُتارنے کیلئے قائدین ملک اور بیرون ملک کے تفریحی مقامات کا رُخ کررہے ہیں۔ کانگریس کے کئی قائدین نے اندرون ملک تفریحی مقامات کی سیر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی پارٹی کے بعض ارکان اسمبلی کے ہمراہ کیرالا کیلئے روانہ ہوئے جبکہ کئی ارکان اسمبلی پہلے ہی ملک کے دیگر علاقوں کا رُخ کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور بعض دیگر قائدین امریکہ روانہ ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ دس تا پندرہ دن تک سیر و تفریح اور اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد وطن واپس ہوں گے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کی لیکن رائے دہی کے اختتام کے بعد انہوں نے تفریح کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی اُتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں آئندہ تین مرحلوں کی رائے دہی میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ وہ امیتھی میں راہول گاندھی کی انتخابی مہم میں شرکت کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی ریاستی وزراء اور سینئر قائدین نے دیگر ریاستوں یا پھر بیرون ملک دورے کی تیاری کرلی ہے۔ پارٹی کے امیدوار جو دن رات انتخابی مہم میں مصروف رہے ان میں سے کوئی بھی رائے شماری تک بیرونی دورے کا تصور نہیں کرسکتے۔ لوک سبھا چناؤ کی رائے شماری تک اہم سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور سرگرم کارکن تفریحی ٹرپ مکمل کرسکتے ہیں۔1