لمباڈا طبقہ نے گاندھی بھون گھیراؤ کیا
موتی لال نائک اور دوسروںکی گرفتاری
حیدرآباد ۔25 ۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے درج فہرست قبائل کی بس یاترا کے اعلان پر تنازعہ پیدا ہوچکا ہے ۔ سیوا لال بنجارہ سنگھم کی جانب سے آج گاندھی بھون کا گھیراؤ کیا گیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔ سیوا لال بنجارہ سنگھم کے صدر موتی لال نائک کی قیادت میں بنجارہ طبقہ کے کارکنوں نے گاندھی بھون میں احتجاج منظم کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی بس یاترا کو ایک نیا ڈرامہ قرار دیا ۔ موتی لال نائک نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی نے لمباڈا طبقہ کے ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی لیکن برسر اقتدار آتے ہی وعدوں کو فراموش کردیا گیا ۔ بس یاترا کے نام پر ریونت ریڈی ڈرامہ بازی کر رہے ہیں تاکہ قبائلی طبقات کو گمراہ کیا جائے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ بس یاترا اگر قبائلی تانڈوں میں پہنچتی ہے تو چپلوں سے استقبال کیلئے بنجارہ طبقہ تیار ہے ۔ لمباڈا طبقہ کے نمائندے کو کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار ریونت ریڈی اور بس یاترا کو روک دیا جائے، جیسے نعرہ لگائے گئے۔ موتی لال نائک نے مطالبہ کیا کہ لمباڈا طبقہ سے کئے گئے وعدوںکی تکمیل کے بعد کانگریس پارٹی بس یاترا کا آغاز کرے۔ پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا اور بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔1/k