انتخابی کامیابی پر مودی کو عالمی قائدین کی مبارکباد

,

   

بیجنگ ؍ ماسکو ؍ واشنگٹن ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے عام انتخابات میں بی جے پی کی زبردست کامیابی پر عالمی قائدین کے مبارکبادی پیغامات بھی آنا شروع ہوگئے ہیں جن میں سب سے پہلے صدر چین ژی جن پنگ، صدر روس ولادیمیر پوٹن، وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان چاروں قائدین نے مودی کو انتخابات میں زبردست کامیابی کیلئے سب سے پہلے مبارکباد دی اور خواہش ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے دنوں میں مودی کے (ہندوستان) تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ نتن یاہو وہ سب سے پہلے قائد تھے جنہوں نے مودی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اسرائیل اور ہندوستان کے درمیان جاری دوستی کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ ہندوستان اس وقت دنیا کے چند اہم ترین جمہوری ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ نتن یاہو نے عبرانی، ہندی اور انگریزی زبان میں ٹوئیٹ کیا۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان میں جو عام انتخابات منعقد ہوئے اس میں جس دیانتداری، شفافیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا اس نے عوام کے دلوں میں انتخابی عمل کے تعلق سے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔ یہ کہنا کہ ای وی ایم میں چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے انتخابات جیتے جاسکتے ہیں، بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہی وہ واحد ملک ہے جہاں انتخابات کے وقت تشدد برپا نہیں کیا جاتا اور نہ ہی کسی قائد کے قتل ہونے کی خبر ملتی ہے۔ امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات ویسے بھی خوشگوار ہی ہیں تاہم اس میں اب مزید نکھار پیدا کیا جائے گا۔ صدر چین جن پنگ نے کہا کہ 17 ویں لوک سبھا انتخابات میں نیشنل ڈیموکریٹک ایلائنس (این ڈی اے) کو جو زبردست کامیابی ملی ہے اس کیلئے وہ (جن پنگ) نریندر مودی کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ صدر روس ولادیمیر پوٹن نے بھی مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ دریں اثناء صدر افغانستان اشرف غنی نے بھی مودی کے نام روانہ کردہ مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کیلئے نئی تشکیل دی جانے والی حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ یاد رہیکہ ہندوستان میں عام انتخابات سات مراحل میں انجام دیئے گئے اور 23 مئی کو نتائج کا اعلان ہوا جس کے بعد گذشتہ تقریباً دو ماہ سے پائے جانے والے عوامی تجسس کا خاتمہ ہوگیا۔