انتظامیہ نے ملازمین کے وفد سے ایک مرتبہ بھی ملاقات نہیں کی : ائمپلائز یونین

   

حیدرآباد 7 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ آر ٹی سی ائمپلائز یونین کے صدر پی کمل ریڈی نے آج کہا کہ انتظامیہ نے ملازمین کے وفد سے ان کے مطالبات کی سماعت کیلئے ایک مرتبہ بھی ملاقات نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ یونین کی جانب سے ٹریڈ یونین قانون کے مطابق ہڑتال کی نوٹس دی گئی ۔ ٹی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے ملازمین کے وفد سے ایک مرتبہ بھی ملاقات نہیں کی ۔ محکمہ لیبر نے ایک مرتبہ ملاقات کا وقت دیا گیا تھا تاہم بعد میںاسے منسوخ بھی کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد تمام تنظیموں اور محکمہ جات کی تائید سے ہڑتال جاری رکھنا ہے ۔ حکومت ہمارا استحصال کر رہی ہے اور اسی لئے ہم تمام جماعتوں کی تائید حاصل کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ٹی ایس آر ٹی سی ائمپلائز یونین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی جانب سے ملازمت پر رجوع نہ ہونے والے 50 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ۔ ائمپلائز یونین کے زونل سکریٹری گریٹر حیدرآباد راگھولو نے چیف منسٹر کے فیصلے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیف منسٹر کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں کہ پچاس ہزار ملازمین کو جو ہڑتال پر ہیں برطرف متصور کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نا انصافی ہے اور قوانین کے مغائر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی جانب سے 3 ستمبر کو ہی انتظامیہ کو اپنے مطالبات سے واقف کروادیا گیا تھا تاہم کوئی سنوائی نہیں کی گئی ہے ۔