انتظامیہ کی ہرسطح پر جوابدہی ضروری : سابق کمپٹرولر

   

انتظامیہ میں سب سے نچلی سطح پر مناسب تربیت کی سب سے زیادہ ضرورت، فیڈریشن کے کنونشن سے راجیو مہرشی کا خطاب

جے پور: ملک کے سابق کمپٹرولر اور آڈیٹر جنرل راجیو مہرشی نے انتظامیہ کی ہر سطح پر افسران کی جوابدہی یقینی بنانا اچھی حکمرانی کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوابدہی کے معیارات میں قومی سطح پریکسانیت ہونا بے حد ضروری ہے ۔ مہرشی اتوار کو جے پور میں راجستھان ایڈمنسٹریٹو سروس کونسل کی میزبانی میں منعقد ہونے والے آل انڈیا اسٹیٹ سول اینڈ ایڈمنسٹریٹو سروس فیڈریشن کے 16ویں کنونشن کے دوران ملک بھر سے آئے ہوئے ریاستی انتظامی افسران سے ورچوئلی خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے گورننس کے چیلنجز، گڈ گورننس کے مستقبل کے تقاضوں، خدمات کی مناسب فراہمی وغیرہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکمرانی کے روایتی طورطریقوں کو تبدیل کرتے ہوئے ہر سطح پر کام کررہے محکموں میں باہمی ہم آہنگی اوربات چیت بے حد ضروری ہے جس سے ایک دوسرے کی ذمہ داریوں اور شراکت داری کے تئیں جوابدہی کو یقینی بنایا جاسکے ۔منریگا کی مثال دیتے ہوئے مسٹرمہرشی نے وضاحت کی کہ انتظامیہ میں سب سے نچلی سطح پر بھی مناسب تربیت کی ضرورت سب سے زیادہ ہے تاکہ فیصلوں، پالیسیوں اور ان کے نتائج میں یکسانیت قائم کی جا سکے ۔اس سے اگلے سیشن میں ریٹائرڈ آئی اے ایس۔ آفیسر دھرمیندر بھٹناگر نے سول سرونٹس کے تناظر اور آگے کا راستہ” کے عنوان پر بات کی جہاں انہوں نے بدلتے ہوئے ماحول میں اخلاقی اقدار اور چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ کنونشن میں شریک تمام مندوبین نے راجستھان کی میزبانی کی تعریف کی۔انہوں نے اس کے لئے آر اے ایس ایسوسی ایشن کے صدر گورو بجاڈ کا شکریہ ادا کیا۔کنونشن کی جنرل اسمبلی میں مختلف ریاستوں کے انتظامی افسران نے اپنے تجربات اور چیلنجوں کا اشتراک کیا۔آل انڈیا اسٹیٹ سول اینڈ ایڈمنسٹریٹو سروسز فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر جیون چکرورتی، جنرل سکریٹری شیودلار سنگھ اور اس کنونشن کے آرگنائزر آر اے ایس ایسوسی ایشن کے صدر گورو بجاڈ نے مدعو مقررین کو یادگاری نشانات سے نوازا۔
ڈیوٹی سے غیر حاضر 31 وقف ملازمین معطل
سری نگر : جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے سری نگر کے کئی خانقاہوں میں ڈیوٹی کے ساتھ لاپرواہی برتنے پر 31 ملازموں کو معطل کر دیا۔اطلاعات کے مطابق وقف بور ڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے شہر سری نگر کے کئی آستانوں اور خانقاہوں کا اچانک معائنہ کیا جس دوران وقف بورڈ کے متعدد ملازمین کو غیر حاضر پایا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ زیارت شریف مخدوم صاحب ، آثار شریف درگاہ حضربل اور زیارت نقشبند صاحب ؒ میں تعینات 31ملازمین کو لاپرواہی برتنے کی پادائش میں معطل کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔وقف بورڈ کے تحصیلدار کو ہدایت دی گئی کہ معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کے بعد دن روز کے اندر اندر اس ضمن میں چیرپرسن کو رپورٹ پیش کریں۔