21 مئی کے کابینی اجلاس میں قواعد کو قطعیت، حیدرآباد اور رنگاریڈی میں ڈبل بیڈ روم مکانات:سرینواس ریڈی
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا 2 جون کو عادل آباد میں یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر آغاز ہوگا۔ وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے آج اندراماں ہاؤزنگ پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ اعلان کیا۔ متحدہ حیدرآباد اور رنگاریڈی ضلع میں اسکیم پر عمل آوری سے متعلق اجلاس میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار، رنگاریڈی کے انچارج وزیر ڈی سریدھر بابو، حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی، قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ چیف وہپ مہندر ریڈی کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے ارکان اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ کے پہلے مرحلہ کی کامیاب تکمیل پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یوم تاسیس کے دن دوسرے مرحلہ کے آغاز کی ہدایت دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 21 مئی کو کابینہ کے اجلاس میں دوسرے مرحلہ کی اسکیم کی تفصیلات کو قطعیت دی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ سابق بی آر ایس حکومت نے دور اندیشی کے بغیر ہی حیدرآباد سے دور دراز علاقوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جس کے نقصانات آج منظر عام پر آرہے ہیں۔ عوام کے موجودہ مقامات سے 5 تا 8 کیلو میٹر دوری پر اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ اسمبلی حلقہ جات کو ایک یونٹ قرار دیتے ہوئے اراضیات کا تعین ہوگا جہاں مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ اِس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ سابق حکومت نے 20 تا 30 کیلو میٹر کی دوری پر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جس کے نتیجہ میں حیدرآباد سے وہاں پہونچ کر قیام کرنے سے استفادہ کنندگان گریز کررہے ہیں۔ مکانات کے اطراف بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کانگریس حکومت نے سابق حکومت کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے محض 5 تا 8 کیلو میٹر کے حدود میں مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی حلقہ جات کے تحت اگر سرکاری اراضی اور سلم علاقے موجود ہوں تو وہاں اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی اہل استفادہ کنندگان کو منظوری کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں اور جاریہ ماہ کے اواخر تک استفادہ کنندگان کا انتخاب کرلیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ اراضی کا تعین 5 تا 8 کیلو میٹر کے حدود میں ہونا چاہئے۔ مکانات کی تعمیر کے ساتھ برقی، پانی اور ضرورتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ ایسے غریب خاندان جن کے پاس اراضی موجود ہے اُنھیں جاریہ ماہ کے اواخر تک مکان الاٹ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملکاجگیری اسمبلی حلقہ میں سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں کی اطلاعات ملی ہیں اور اِس سلسلہ میں مقامی رکن اسمبلی نے حکومت کو تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ اسپیکر اسمبلی پرساد کمار نے وزراء کو ہدایت دی کہ اسمبلی میں دیئے گئے تیقنات کی تکمیل کے لئے متواتر اجلاس طلب کرتے ہوئے اندراماں ہاؤزنگ پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے مختلف علاقوں میں نامکمل ڈبل بیڈ روم مکانات پر اجلاس کی توجہ مبذول کرائی جس پر وزیر ہاؤزنگ نے جلد تعمیری کاموں کی تکمیل کا تیقن دیا۔V/1