سوریہ پیٹ میں پرجا پالنا پروگرام کے دوران دل برداشتہ خاتون کا انتہائی اقدام
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ضلع سوریا پیٹ میں سرکاری فلاحی اسکیم اندرا اماں ہاوزنگ کی الاٹمنٹ پر تنازعہ اس وقت سنگین رخ اختیار کر گیا جب ایک خاتون کیڑے مار دوا پی کر خود کشی کرنے کی کوشش کی ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب منا گلا منڈل ہیڈکوارٹر میں ’ پرجا پالنا ۔ پرگتی پرنالیکا ‘ پروگرام جاری تھا ۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر تیجس نندلعل پاور ، ضلع ایس پی نرسمہا اور دیگر منڈل سطح کے عہدیدار موجود تھے ۔ اسی دوران حکومت کی جانب سے منڈل تاڑوائی گاؤں کو اندرا اماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر منتخب کیا گیا ۔ متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ پہلے اس کو الاٹ کیا گیا اندرا اماں مکان بعد میں سنیتا کے نام الاٹ کردیا گیا ہے ۔ اس مبینہ نا انصافی پر دل برداشتہ ہو کر اس نے احتجاجاً کیڑے مار دوا پی لی ۔ واقعہ کے بعد خاتون کو تشویشناک حالت میں کوداڑ کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ ڈاکٹرس کے مطابق بروقت طبی امداد فراہم کیے جانے کے باعث اس کی حالت اب قابو میں بتائی جارہی ہے ۔ متاثرہ نے الزام لگایا کہ کچھ کانگریسی قائدین سیاسی مفادات کی بنیاد پر اسے سرکاری فلاحی اسکیم سے محروم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی سطح پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے جب کہ انتظامیہ نے معاملے کی جانچ کرانے کا اعلان کیا ہے ۔۔ 2/m/b