اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں اضافہ

   

یکم جون سے عمل آوری، مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کا فیصلہ

حیدرآباد: ملک بھر میں اندرون ملک پروازوں کی قیمتوں میں یکم جون سے 13تا16فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے بعد اندرون ملک پروازوں میں 300 روپئے تا 1000 روپئے کا اضافہ ہوگا۔ ملک بھر میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران پروازوں پر عائد کی گئی پابندی کے خاتمہ کے بعد پروازیں بحال کی جانے لگی تھیں اور بیشتر شہروں سے فضائی مسافرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تھا لیکن ماہ مارچ کے دوران اچانک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ہی اندرون ملک سفر کرنے والے فضائی مسافرین کی تعداد میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ملک بھر کی بیشتر ریاستوں میں حالات کے معمول پر آنے کے بعد ہی فضائی مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا لیکن مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے فضائی کرایوں میں اضافہ کے سلسلہ میں جاری کئے گئے احکامات کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔ احکامات کے مطابق اندرون 40 منٹ کے فضائی سفر کے لئے کرایہ جو فی الحال 2300 روپئے تھا اس میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 2600 روپئے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 60سے90 منٹ کی پرواز کیلئے 4000 روپئے تک کرایہ وصول کرنے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔90تا120 منٹ کی پرواز کیلئے 4700 روپئے کی وصولی کی گنجائش فراہم کی گئی ہے اور اسی طرح 150سے180 منٹ کی پرواز کیلئے 6100 روپئے وصول کرنے کی گنجائش ہوگی۔180سے210 منٹ کی پرواز کیلئے 7400 روپئے تک کی وصولی کی گنجائش کے نئے احکامات میں جاری کی گئی ہیں اور ان شرحوں کا اطلاق یکم جون سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ائیر لائنس عہدیداروں کا کہناہے کہ مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کے ان احکامات کا مسافرین پر کیا اثر ہوا ہے اس کا اندازہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے قابو میں آنے کے علاوہ تمام سرگرمیوں کے بحال ہونے کے بعد ہی لگایا جاسکتا ہے۔