اندرون 24 گھنٹے خوفناک سڑک حادثات8 افراد بشمول 2 خواتین ہلاک

   

حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں اندرون 24 گھنٹے پیش آئے خوفناک سڑک حادثات میں 8 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئے۔ بلارم پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو خواتین جو چہل قدمی میں مصروف تھیں کہ ایک تیز رفتار موٹر سیکل کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق 48 سالہ رادھیکا اور 60 سالہ بالامتی جو بلارم علاقہ کے ساکنان تھیں، آج صبح تقریباً 5 بجے چہل قدمی میں مصروف تھیں کہ ایک تیز رفتار موٹر سیکل نے انہیں ٹکر دے دی۔ موٹر سیکل سوار کی شناخت کرلی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ آدتیہ نامی آئی ٹی ملازم کی تیز رفتاری کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ شاہ میر پیٹ پولیس حدود میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 2 نوجوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ شاہ میر پیٹ پولیس ذرائع کے مطابق ایک کے ٹی ایم موٹر سیکل پر تین نوجوان سوار تھے، موٹر سیکل کی رفتار تیز تھی اور موٹر سیکل بے قابو ہوکر برقی پول سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں 10 سالہ کرشنا اور 22 سالہ مہیش برسر موقع ہلاک ہوگئے اور سنتوش کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔