ایس سی اور ایس ٹی کمیشن کی علیحدگی، 136 عدالتی جائیدادوں کی منظوری ‘ کابینہ کے فیصلے
حیدرآباد، 5 نومبر (سیاست نیوز)تلنگانہ کابینہ کے اہم فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا کہ اندرا اماں لائف انشورنس اور اندرا اماں ساڑی ڈسٹری بیوشن اسکیمات کا آغاز 19 نومبر کو سدی پیٹ میں ایک جلسہ عام میں کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت ہر خاندان کیلئے 5 لاکھ روپئے کا لائف انشورنس فراہم کیا جائے گا، جس کی درخواستیں دیہاتوں میں 20 سے 30 نومبر تک گھر گھر جا کر وصول کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ریاست بھر میں ماں اندرا اماں دیوالی پروگرام کے تحت 2.25 لاکھ اندرا اماں مکانات میں دیوالی کی تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا، جن میں وزراء ، ارکانِ اسمبلی کے ساتھ سرپنچ سے چیف منسٹر تک تمام عوامی منتخب نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 7 تا 9 نومبر کوڑنگل کا دورہ کریں گے اور 9 نومبر کو کوڑنگل میں کسانوں کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ فیوچر سٹی میں 7، 8 اور 9 دسمبر کو ہونے والی سہ روزہ انوسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کو اس عالمی کانفرنس کی کامیابی کیلئے تمام محکموں کے کے ساتھ اہم ذمہ داری نبھانے کی ہدایت دی۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بین الاقوامی مندوبین و سرمایہ کاروں کے استقبال، رجسٹریشن اور ایرپورٹ پر پاس جاری کرنے کے عمل کو 15 نومبر تک حتمی شکل دی جائے۔ سمٹ میں ریاست کے سیاحتی مقامات، نرسری سے آکسفورڈ تک معیاری تعلیمی نظام اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجس سے نمٹنے ماحول دوست صنعتوں کی مؤثر عکاسی کی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ مہمانوں کے قیام و طعام، فیوچر سٹی اور عالمی بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی تیاری کیلئے سینئر آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے احکامات جاری کیے گئے۔ وزیر مال نے بتایا کہ اجلاس میں محکمہ ریونیو سے متعلق اراضیات کی الاٹمنٹ پر واضح فیصلے کئے ہیں۔ کابینہ نے مشترکہ ایس سی اور ایس ٹی کمیشن کو ختم کرکے ایس سی اور ایس ٹی طبقات کیلئے الگ کمیشن قائم کرنے کی منظوری دی ہے، جن میں ہر کمیشن کیلئے ایک چیرمین و پانچ ارکان ہوں گے۔ آتشزدگی واقعات سے بچاؤ کیلئے تلنگانہ فائر سروس ایکٹ 1999 ترمیمی آرڈیننس اور سروے اینڈ باؤنڈریز ایکٹ میں اہم ترمیم (اپیل کی مدت 60 دن سے گھٹا کر 30 دن کرنے) کی منظوری دی گئی۔ قانون و انصاف کے شعبے کو مضبوط بنانے ریاست میں 136 نئی عدالتی جائیدادوں کی منظوری دی گئی ، جن میں کٹرم اور ایلکاترتی عدالت کیلئے 56 جائیدادیں اور مزید چار عدالتوں کیلئے 80 جائیدادیں شامل ہیں۔کالیشورم پراجکٹ کے تعلق سے سرینواس ریڈی نے واضح کیا کہ نیشنل ڈیم سیفٹی اتھارٹی کیسے تجویز کردہ تمام ٹسٹ مکمل کر لئے گئے اور ان کی رپورٹس این ڈی ایس اے کو پیش کی جاچکی ہیں ۔ حکومت این ڈی ایس اے کی ہدایات کے مطابق مزید اقدامات کیلئے تیار ہے۔ ماہرین کی کمیٹی کی تجاویز کے مطابق بیاریجس کی بحالی اور مرمت کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی گئی ، جن میں پشتے کی تعمیر و ڈاؤن اسٹریم اسپل وے کی چوڑائی و موٹائی پر مخصوص تجاویز شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بیاریجس کی حفاظت اہم ہے اور حکومت کا مقصد کالیشورم پراجکٹ کو تمام تکنیکی معیارات کے مطابق تزئین و آرائش کے بعد دوبارہ فعال اور استعمال کے قابل بنانا ہے۔ 2