انرجی ریسورسز کے امریکی معاون وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

   

اسلام آباد: امریکی وزارت خارجہ کے بیورو آف انرجی ریسورسز کے اسسٹنٹ سیکرٹری جیفری آر۔پائیٹ آج لاہور اور اسلام آباد جائیں گے۔ایک ایسے وقت میں جب پاکستان تباہ کن سیلابوں اور توانائی کے عالمی بحران سے باہر نکل رہا ہے، اسسٹنٹ سیکرٹری علاقائی توانائی کی سیکیورٹی اور یو ایس پاکستان گرین الائنس کے ذریعے صاف توانائی کی منتقلی پر تعاون کو فروغ دینے کے امریکی عزم کا اعادہ کریں گے تاکہ پاکستان میں پائیدار اور ماحول دوست توانائی کے مستقبل کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیورو آف انرجی ریسورسز کے سینئر سفارت کا ر لاہور میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز الیکٹرک وہیکل لیبز کا دورہ کریں گے تاکہ امریکہ اور پاکستان کے تعاون سے ہونے والی تکنیکی ترقی کو اجاگر کیا جا سکے۔اسلام آباد میں وہ یو ایس پاکستان انرجی سیکیورٹی ڈائیلاگ میں وہ امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔اسسٹنٹ سیکرٹری پائیٹ پاکستان کے حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے اور توانائی کے شعبے میں خواتین رہنماؤں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے۔امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ایک طویل تاریخ ہے جس میں سبز انقلاب کے ذریعے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ، معاشی مواقع بڑھانا، پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور پانی کی فراہمی کیلئے ڈیموں کی تعمیر شامل ہے تاکہ پاکستانیوں کو نہ صرف سال بھر آبپاشی کیلئے پانی دستیاب ہو بلکہ سیلابوں پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکے۔