انسانی حقوق کمیشن نے منڈکا حادثے کا از خود نوٹس لیا

   

نئی دہلی : قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے قومی دارالحکومت کے منڈکا علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے واقعہ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف سکریٹری کو دوہفتے میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔منڈکا میں جمعہ کو ایک چار منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی تھی جس میں 27 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہیں۔ انسانی حقوق کمیشن نے دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کو دوہفتے کے اندر کمیشن کو ایک رپورٹ پیش کرنے کے لئے نوٹس جاری کیاہے، جس میں ذمہ دارافسران کے خلاف کارروائی، الزام طے کرنے اور امدادی کاموں کی معلومات طلب کی گئی ہیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ قومی راجدھانی میں ملازمین کی فرائض سے مکمل بے حسی اورلاپرواہی کے سبب متاثرین کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہونے کا معاملہ ہے، جس میں کئی جانیں چلی گئی ہیں۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کمیشن نے اپنے ڈائریکٹر جنرل سے فوری طور پر ایک ٹیم کو موقع پر بھیجنے کو کہا ہے تاکہ معاملے کی موقع پر ہی جانچ کی جا سکے۔معلومات کے مطابق عمارت کا کوئی منظور شدہ منصوبہ نہیں تھا اور بغیرکسی لائسنس کے اس میں فیکٹری چل رہی تھی۔