انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ دفتر کے روبرو کانگریس قائد ہنمنت راؤ کا دھرنا

   

مودی حکومت پر سیاسی انتقامی کارروائی کا الزام
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف چارج شیٹ پر کانگریس قائدین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سینئر لیڈراور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج حیدرآباد میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ دفتر کے روبرو دھرنا منظم کیا اور مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ کو مرکزی حکومت کی سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں راہول گاندھی کی بڑھتی مقبولیت اور کانگریس پارٹی کے استحکام سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے کسی ثبوت کے بغیر ہی نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی کو ماخوذ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن قائدین کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں پر آواز نہ اٹھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے نریندر مودی حکومت نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں کانگریس قائدین باعزت بری ہوں گے اور کانگریس پارٹی کو عدلیہ کی غیر جانبداری پر پورا بھروسہ ہے۔انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاج منظم کریں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان نے ملک کی آزادی اور پھر ترقی میں نمایاں رول ادا کیا ۔ پنڈت جواہر لعل نہرو سے راجیو گاندھی تک قربانیاں ہر کسی پر عیاں ہے۔ 1