مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے بی جے پی خوفزدہ: مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ کے خلاف حیدرآباد میں کانگریس کی جانب سے احتجاجی ریالی منظم کی گئی۔ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں ایم ایل اے کوارٹرس سے بی ایس این ایل بھون تک ریالی منظم کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے حصہ لیا۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کے علاوہ شہر سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔ کارکنوں کے ہاتھ میں پلے کارڈس تھے جن پر مرکزی حکومت اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے خلاف نعرے درج تھے۔ سیاہ پرچموں کے ساتھ کارکنوں نے احتجاج کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ احتجاجیوں نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی چارج شیٹ سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو بی جے پی اپنے آلہ کار کے طور پراستعمال کررہی ہے تاکہ اپوزیشن قائدین کو نشانہ بنایا جائے۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن قائدین کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے حوصلے پست کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے باوجود اس کے ان کا نام مقدمہ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انصاف کیلئے ملک گیر سطح پر احتجاج منظم کرے گی۔ نریندر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے 95 فیصد مقدمات اپوزیشن قائدین کے خلاف درج کئے گئے۔ 2014 سے درج کئے گئے ہر 100 کیسس میں95 اپوزیشن کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنارہی ہے۔ راہول گاندھی کی قیادت میں مودی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ اور اس کے باہر مہم سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات درج کرنے سے کانگریس قائدین کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ ملک بھر میں بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان کو مقدمات کے ذریعہ ہرگز جھکایا نہیں جاسکتا۔ سیاسی انتقامی کارروائیوں کا مقصد کانگریس قائدین کے حوصلوں کو پست کرنا ہے۔1