کیلیفورنیا: نامور ہندوستانی کمپنی انفوسیس پر امریکہ میں امیگریشن کے بہت بڑے معاملہ میں ریکارڈ 283 کروڑ روپئے (34 ملین ڈالر) کا جرمانہ عائدکیا گیا ہے۔ شریک بانی نارائن مورتی کی یہ کمپنی کنسلٹنگ، ٹکنالوجی اور آوٹ سورسنگ کے بزنس سے وابستہ ہے۔ انفوسیس لمیٹیڈ نے ویزا کے معاملہ میں منظم دھوکہ دہی اور امیگریشن کے عمل کے بیجا استعمال کے الزامات پر ریکارڈ 34 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمس انفورسمنٹ نے یہ اطلاع دی۔ امیگریشن فراڈ کے کسی معاملہ میں یہ اپنی نوعیت کی عدیم النظیر پنالٹی ہے جو کارپوریٹ اداروں کی جانب سے قوانین کی تعمیل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اندرون بہتر تال میل کے تعلق سے سنگین سوال کھڑے کرتی ہے۔ بتایا گیا کہ انفوسیس نے اپنے ورکرس کو H-1B ویزوں کے بجائے B-1 وزیٹر ویزے جاری کرتے ہوئے امریکی ویزا قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس طرح کے اقدام سے نارائن مورتی زیرقیادت بڑی ٹکنالوجی کمپنی نے امیگریشن اور اجرت کے سخت قواعد سے بچنے کی کوشش کی جس سے کمپنی کو کمتر اجرتوں پر ملازمین کے حصول کا غیرواجبی فائدہ حاصل ہوا۔